عازمین عمرہ کیلئے اضافی پرواز یں چلائی جارہی ہیں ، پی آئی اے

عازمین عمرہ کیلئے اضافی پرواز یں چلائی جارہی ہیں ، پی آئی اے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن نے معزز عازمین عمرہ کو بہتر اور ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے مارکیٹ میں مناسب کرائے متعار ف کرائے ہیں۔ ترجمان کے مطابق عازمین عمرہ کو مزید سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے پاکستان اور جدہ کے درمیان اضافی پروازیں بھی چلائی جا رہی ہیں۔ شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے پی آئی اے نے ملک بھر کے اخبارات میں عازمین عمرہ کیلئے متعارف کرائے گئے کرایوں کے متعلق اشتہار بھی شائع کرائے جن میں یہ واضح کیا گیا کہ مقرر کردہ نرخوں سے زائد کرایہ ہر گز ادا نہ کریں۔ مزید برآں معزز عازمین عمرہ کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ریزرویشن سسٹم کو تمام ٹریول ایجنٹس کیلئے اوپن کیا جا رہا ہے تا کہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر وہ عازمین عمرہ کیلئے نشستیں بک کر سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ اگر اس طریقہ کار کا صحیح استعمال ہو جائے تو پھر تمام ٹریول ایجنٹس نہ صرف عازمین عمرہ کیلئے نشستیں مخصوص کر سکیں گے بلکہ انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی بھی یقینی ہو جائے گی۔