پاکستان مشکلات میں گھرا ہے حکومت تنہا مسائل حل نہیں کرسکتی‘ حلیم عادل

پاکستان مشکلات میں گھرا ہے حکومت تنہا مسائل حل نہیں کرسکتی‘ حلیم عادل

سہون شریف ( نامہ نگار)مسلم لیگ ق سندھ کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سندھ کے مختلف شہروں میں کل کے جلسے کے لیئے اجتماعات ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنماءاور چنہ ویلفیئر جامشورو کے صدر سردار محمد بخش چنہ کا سینکڑوں افراد کے ساتھ مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان ۔ مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکر ٹری حلیم عادل شیخ و دیگر صوبائی قیادت کا سہون شریف پہنچنے پر ریلی کی شکل میں شاندار استقبال ۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری لطیف رند نے کی۔ ریلی سے خطاب کر تے ہوئے صوبائی جنرل سیکر ٹری حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پاکستان اس وقت گھمبیر مشکلات اور بحرانوں میں گھرا ہو اہے ۔ حکومت، کوئی ایک سیاسی جماعت یا کوئی ایک ادارہ تنہا مسئلے کا حل نہیں نکال سکتا۔ اس کے لیئے تمام محب وطن سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر پاکستان اور جمہوریت کے استحکام کے لیئے قومی سوچ کو مدنظر رکھ کر حل نکالنا ہو گا۔ سندھ کے عوام نے پاکستان کے وجود کو سب سے پہلے تسلیم کیا ۔ سندھ میں بسنے والے تمام سند ھی محب وطن ہیں ہمارے قائدین سندھ میں امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر کل ضلع دادو اور لاڑکانہ میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔