ملک سے پولیو کے خاتمے کےلئے ایکشن پلان تیار کرلیا گیا، صدر

ملک سے پولیو کے خاتمے کےلئے ایکشن پلان تیار کرلیا گیا، صدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 2013 میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی قوتوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ ہفتہ کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاﺅس کراچی میں پاکستان میں پولیو مرض کے خاتمے کے لئے حکومت کے ساتھ کام کرنے والی غیر ملکی تنظیموں کے وفد سے ملاقات کررہے تھے۔ ان تنظیموں کے وفد میں یونسیف، عالمی ادارہ صحت اور دیگر تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدر کو ملک میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گذشتہ برس کی نسبت رواں سال پاکستان میں پولیو کے کیسز کم رپورٹ ہوئے ہیں اور اس مرض کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں پولیو کے خاتمے کے لئے کام کرنے والی عالمی تنظیموںکا کردار اہم ہے۔ وفد سے بات چیت میں صدر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے وفاقی سطح پر ایک ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔ صدر نے دوران اجلاس جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ پولیو کے خاتمے کے لئے چلائی جانے والی مہم میں وہ اپنا کردار ادا کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے صدر پاکستان آصف علی زرداری کو یقین دلایا کہ وہ اس حوالے سے بھرپور تعاون کریں گے۔ قبل ازیں صدر پاکستان نے کراچی کے مقامی اسپتال میں اپنے دانتوں کا معائنہ کروایا۔