لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کیلئے کل کراچی، جمعہ کو ملک بھر میں احتجاج کرینگے: متحدہ
کراچی (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی سے لاپتہ ہونے والے کارکنوں کی بازیابی کیلئے مرحلہ وار احتجاج کا اعلان کر دیا۔ کل جمعرات کو کراچی جبکہ جمعہ کو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، وکلاء اور سول سوسائٹی سے مظاہروں میں شرکت کی اپیل، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس سے خطاب میں حیدر عباس رضوی نے کہا کہ سادہ لباس میں اہلکار ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر رہے ہیں لیکن پولیس لاپتہ کارکنوں سے متعلق لاعلمی کا اظہار کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم کے گرفتار 21 کارکنوں کو تاحال عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا۔ صورتحال انتہائی پریشان کن ہے۔ کارکنوں کی بازیابی کیلئے قانونی راستے استعمال کر رہے ہیں۔ کارکنان کی مائیں بہنیں اور بچے انکے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن ہمارے ہی کارکنوں کی تشدد زدہ لاشیں مل رہی ہیں۔ اس سے قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے صحافیوں کو دیئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ پاکستان پروٹیکشن بل کا کراچی میں اطلاق شروع ہو گیا ہے۔ ہمارے بے گناہ کارکنان کو ریاستی ادارے ان کے گھروں سے اغواء کرکے ماورائے عدالت قتل کر رہے ہیں۔ صحافتی تنظیمیں اس کالے قانون کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کریں۔ بلوچستان میں محروم بلوچوں سے مذاکرات نہیں کئے جا رہے ہیں لیکن 60 ہزار زائد بے گناہ پاکستانیوں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں سے کْھلے عام مذاکرات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ پاکستان پروٹیکشن بل نامی اندھے قانون پر غور کریں اور اسے جبراً مسلط نہ کریں۔