کراچی: چچا کی فائرنگ، 2 بھتیجوں سمیت 3 قتل، 4 افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں پیر کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں نجی ٹی وی چینل کے ڈرائیور اور سکول کے ہیڈ ماسٹر سمیت 7 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی چینل کے ڈرائیور 40 سالہ گل شیر خان ولد قیوم خان کا قتل سہراب گوٹھ کے علاقے میں الآصف سکوائر کے نزدیک ہوا جہاں اس کا گاڑی ٹکرانے کے معاملے پر مقام کوچ سروس کے ڈرائیور سے جھگڑا ہوا تھا اس کوچ کے ڈرائیوروں‘ کنڈکٹروں اور اڈے پر کام کرنے والے افراد نے گل شیر خان پر لاٹھی ڈنڈوں اور سریوں سے حملہ کر دیا۔ پولیس نے اڈے کے منشی نثار ظفر اور ڈرائیور ایمل خان سمیت 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ادھر سکھن میں بھینس کالونی کے نزدیک 58 سالہ محمد موسیٰ کو اس کے بھتیجے محمد بلال نے گلا گھونٹ کر ہلاک کر دیا، محمد موسیٰ گورنمنٹ ہائی سکول ابراہیم حیدری کا ہیڈ ماسٹر تھا، اس کے علاوہ پاپوشنگر میں جائیداد کے تنازعہ پر حاجی معروف نامی شخص کے گھر پر جمع ہونے والے رشتہ داروں کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس دوران حاجی معروف اور اسکے بیٹے عامر نے فرحان اور تنویر کے ساتھ مل کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں حاجی معروف کے دو بھتیجے 35 سالہ مہتاب اور 18 سالہ اریب اور تیسرا نامعلوم نوجوان ہلاک اور تین افراد سجاد‘ منیر اور عدیل زخمی ہو گئے۔ بعدازاں پولیس موقع پر پہنچی اور حاجی معروف کو اسکے بیٹے عامر سمیت گرفتار کر لیا۔ قبل ازیں پیر کی صبح گارڈن کے علاقے دھوبی گھاٹ سے ایک شخص کی ہاتھ پاﺅں بندھی نعش ملی جسے سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 40 سال تھی تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دریں اثناءرسالہ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد زاہد اور دانش زخمی ہو گئے جبکہ رضویہ میں مسلح افراد نے 35 سالہ کاشف کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ ادھر شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے گینگ وار کے ملزمان سمیت 14 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے ڈاکٹر سمیت متعدد افراد کے قتل میں ملوث تین ٹارگٹ کلرز اور تین بھتہ خوروں کو گرفتار کیا، ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق اورنگی ٹاﺅن میں قطر ہسپتال کے میڈیکو لیگل افسر ڈاکٹر عرفان قریشی کے قتل میں ملوث ملزم شکیل عرف بڈی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول برآمد کیا گیا اور اس کی نشاندہی پر قتل میں ملوث ہسپتال کے گارڈ کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ملزم شکیل عرف بڈی نے ایم ایل او ڈاکٹر عرفان قریشی کے علاوہ دیگر بارہ افراد کے قتل کا بھی اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ سرجانی ٹاﺅن کے علاقے سے سات افراد کے قتل میں ملوث ملزم بابر عرف ڈبی اور تین افراد کے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ملزم ابو کلام کو گرفتار کیا گیا۔