شوہر کی اراضی پر قبضے کیخلاف غنویٰ بھٹو کا تھانہ نوڈیرو کے سامنے 3 گھنٹے تک دھرنا

شوہر کی اراضی پر قبضے کیخلاف غنویٰ بھٹو کا تھانہ نوڈیرو کے سامنے 3 گھنٹے تک دھرنا

نوڈیرو (نیٹ نیوز + آئی این پی) لاڑکانہ میں اراضی پر قبضے کیخلاف پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے نوڈیرو تھانے کے باہر کڑی دھوپ میں 3 گھنٹے دھرنا دیکر احتجاج کیا۔ پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی انکے ہمراہ تھی۔ غنویٰ بھٹو نے میڈیا کو بتایا کہ بھٹو سٹیٹ میں میر مرتضیٰ بھٹو کو ورثے میں ملنے والی چھ ایکڑ اراضی پر ڈی آئی جی آفس کے ٹیلیفون آپریٹر حوالدار سعد اللہ ناریجو نے قبضہ کر رکھا ہے۔ اعلیٰ افسروں کو شکایت کے باوجو ملزم کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، پولیس سرپرستی کر رہی ہے، اگر زمین واگزار نہ کرائی گئی تو کسی بھی نقصان کی صورت میں حکومت اور ملزم کی پشت پناہی کرنیوالے ذمہ دار ہوں گے۔ قبضہ نہ چھڑایا گیا تو عید کے بعد یہاں آ کر پھر دھرنے دیں گے۔ حق کیلئے جان تو دے سکتے ہیں پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ اس غنڈہ گردی کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر غنویٰ بھٹو سے انکا م¶قف معلوم کر کے انہیں یقین دلایا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی اور ان سے مکمل انصاف ہوگا۔ اعلیٰ حکام کی ہدایت پر انتظامیہ نے متنازعہ زمین کے اوپر پولیس مقرر کردی۔