کراچی کا امن تباہ کرنیوالے بچ نہیں سکیں گے : صدر ممنون

کراچی کا امن تباہ کرنیوالے بچ نہیں سکیں گے : صدر ممنون

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے ملک اور کراچی کا امن تباہ کرنے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ورنہ بچ نہ سکیں گے۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی اور پاکستان کو جتنا خراب ہونا تھا ہوگیا اب پوری قوم مل کر اسے ٹھیک کرے گی۔ کراچی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے صدر مملکت آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ بدامنی نے کراچی کے روشن چہرے کو گہنا دیا ہے۔ کراچی کو امن کا شہر بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی اور ملک کی عظمت کو بحال کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم کراچی کے باسی اور اس کے محافظ ہیں، فساد پھیلانے والوں کا قلعہ قمع کریں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردوں کی سرکوبی کے لیے پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور اس کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی تعمیر سے ہماراخطہ اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا اور بجلی کی وافر پیداوار سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ہی ملک کے صنعتی اور اقتصادی ڈھانچے میں ایسی تیز رفتار تبدیلیاں شروع ہوجائیں گی جن سے نمٹنے کے لیے ابھی سے تیاری ضروری ہے۔ دریں اثناءصدر مملکت ممنون حسین نے کراچی میں اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو لے جانے والی ایک بس پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے جس میں خواتین سمیت معصوم افراد جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے بزدلانہ حملہ میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور حکومت نے ملک سے شدت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور سنگین واقعہ قوم کے عزم کو پست نہیں کر سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے اور ملک دشمن عناصر اپنے مکروہ ایجنڈا میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک واقعہ میں ملوث مجرموں اور عناصر کو گرفتار کر کے مثالی سزا دی جائے گی۔ صدر مملکت نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔