متحدہ کے یوم سوگ پر کراچی میں ہڑتال ‘ فائرنگ 3, کارکنوں ‘ کانسٹیبل سمیت 7 ہلاک

متحدہ کے یوم سوگ پر کراچی میں ہڑتال ‘ فائرنگ 3, کارکنوں ‘ کانسٹیبل سمیت 7 ہلاک

کراچی + لاہور (نوائے وقت رپورٹ + کرائم رپورٹر + خبرنگار) ایم کیو ایم نے 3 کارکنوں کے قتل کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر اور پنجاب میں یوم سوگ منایا، کراچی میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ شہر میں فائرنگ، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں متحدہ کے 3 کارکنوں، پولیس اہلکار سمیت 7 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے 3 کارکنوں محمد آصف، محمد حسین اور محمد مسلم کے قتل اور دیگر کے لاپتہ کر دئیے جانے کیخلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم سوگ منایا گیا اس موقع پر کراچی میں کاروباری مراکز، پٹرول پمپ بند اور ٹریفک سڑکوں سے غائب رہی جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کے آج ہونیوالے پرچے ملتوی کردئیے گئے اس کے علاوہ حیدر آباد، ٹنڈوالہ یار، میرپور خاص، ٹنڈو آدم، کوٹری بھٹ شاہ اور ہالا میں کاروبار زندگی معطل رہا، اس موقع پر کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی تاہم نماز جمعہ کے بعد کراچی میں دکانیں مارکیٹیں کھول دی گئیں اور کاروبار زندگی معمول پر آ گیا۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اوکاڑہ وغیرہ میں بھی متحدہ کے زیر اہتمام یوم سوگ منایا گیا جبکہ پنجاب ہاﺅس لاہور میں شہدا کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی جس میں محمد عامر بلوچ، ڈاکٹر علی حسین، رانا محمد اشرف، منیر احمد اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ شہر قائد میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں مزید 4 افراد جاں بحق اور 6 شہری زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سر جانی ٹاﺅن کے علاقے تیسر ٹاﺅن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص اقبال مارا گیا۔ کلاکوٹ کے علاقے میں پرانا حاجی کیمپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عالم خان نامی شخص جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں ملیر کے علاقے ملت ٹاﺅن میں فائرنگ سے پچاس سالہ الیاس زخمی ہو گیا۔ ملیر کے ہی علاقے گلشن قادری میں گھر کی چھت پر کھڑی بائیس سالہ لڑکی فاطمہ نامعلوم سمت سے آنیوالی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی۔ ابراہیم حیدری میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے اٹھائیس سالہ شاکر اور پچیس سالہ یاسر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف سے پولیس نے نپیئر کے علاقے میں چھاپہ مار کر عمران نامی ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے دو پستول برآمد کر لئے۔ ملزم نے گارڈن کے علاقے میں دو بوری بند لاشیں پھینکنے کا اعتراف کیا ہے۔ اسی طرح پرانی سبزی منڈی کے نزدیک کینال بستی سے درویش گروپ کے ٹارگٹ کلر ناصر عرف ناجو کو رینجرز نے گرفتار کر لیا جو 5 افراد کے قتل اور بھتہ خوری میں ملوث ہے۔ سی ویو کے علاقے میں ایک پولیس اہلکار کو اس کے 3 ساتھی کانسٹیبلوں بخش، اشتیاق اور قربان نے لین دین کے تنازع پر گولی مار کر ہلاک کر دیا تینوں کو گرفتار کر لیا گیا اسی طرح نیپئر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن 30 سالہ دانیال کو قتل کر دیا اسے گزشتہ رات اغوا کیا گیا تھا سچل کے علاقے سکیم 33 میں متحدہ کے کارکن 22 سالہ شاہ رخ جبکہ نارتھ کراچی میں سیکٹر ممبر انیس کو قتل کر دیا گیا، کوئٹہ ٹاﺅن میں ایک شخص ڈینو بلوچ کو ہلاک کیا گیا۔