این اے 246، تحریک انصاف کی 19 اپریل کو شاہراہ پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست‘ جماعت اسلامی نے 17 کو عائشہ منزل پر جلسہ کرنے کا اعلان کردیا

این اے 246، تحریک انصاف کی 19 اپریل کو شاہراہ پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست‘ جماعت اسلامی نے 17 کو عائشہ منزل پر جلسہ کرنے کا اعلان کردیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+صباح نیوز) تحریک انصاف نے شاہراہ پاکستان کراچی پر جلسے کیلئے ڈی سی سنٹرل کو درخواست دیدی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 19 اپریل کو شاہراہ پاکستان پر سکیورٹی فراہم کی جائے۔ آئی جی سندھ کو پی ٹی آئی کے 3 رہنمائوں کی سکیورٹی کیلئے بھی درخواست پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی نے این اے 246میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جمعہ 17اپریل کو شام 4:30بجے عائشہ منزل شاہراہ پاکستان پر خواتین کے جلسہ عام کا اعلان کردیا ۔جلسہ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔اس بات کا اعلان جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے این اے 246میں نامزد امیدوار راشد نسیم کے ہمراہ عائشہ منزل شاہراہ پاکستان پر قائم انتخابی کیمپ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی قیادت میں آج اسلام آباد میں جوڈیشل کمشن کو کراچی میں جعلی اور فراڈ الیکشن کے حوالے سے دستاویزی ثبوت اور شواہد پیش کریگا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی ملاقات کریگا ۔