’’گماں تم کو رستہ کٹ رہا ہے‘‘ یقین مجھ کو منزل کھو رہے ہو ، پاکستان کو اسلام سے قبل کی عرب ریاست بنایا جا رہا ہے: بلاول

’’گماں تم کو رستہ کٹ رہا ہے‘‘  یقین مجھ کو منزل کھو رہے ہو ، پاکستان کو اسلام سے قبل کی عرب  ریاست بنایا جا رہا ہے: بلاول

کراچی (این این آئی+ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شریعت کے نام پر پاکستان کو اسلام سے پہلے کی عرب ریاست بنایا جا رہا ہے۔ لوگوں کو جلد کم عمر لڑکیوں کی شادی پر بھی مجبورکیا جائے گا۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پہلے کم عمر بچیوں کو شادی کرنے پر مجبور کیا جائے گا اور پھر پیدا ہونی والی بچیوں کو زندہ دفن کر دیا جائیگا۔ بلال بھٹو زرداری نے یہ ٹوئٹ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے ایک کارٹون پر تبصرہ کے دوران کیا ہے جس میں وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کو عرب روایتی کپڑے پہنے ہوئے کار میں سوار دکھایا گیا ہے اور کارٹون کے ساتھ سعودی شہزادہ ولید کا بیان بھی درج ہے کہ پاکستان میں نوازشریف سعودی عرب کا نمائندہ ہے۔ بلاول نے کہا ہے کہ اب تک بہت وقت ضائع کیا جا چکا ہے لیکن اب لکیر کھینچنے کا وقت آ گیا۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اب تک عسکریت پسندوں کو بہت مہلت دی گئی ہے جس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا لیکن اب لکیر کھینچنے کا وقت آگیا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک شعر بھی ٹویٹر پر شیئر کیا ہے۔
گماں تم کو رستہ کٹ رہا ہے
یقین مجھ کو کہ منزل کھو رہے ہو