وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ‘ چیف سیکریٹری آفس میں سابق سیکریٹری تعلیم کیخلاف شکایات کے انبار
کراچی (وقائع نگار) سابق سیکریٹری تعلیم عبدالعزیز عقیلی کے خلاف شکایات کا انبار لگ گئے۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے بعد چیف سیکریٹری آفس اور نئے سیکریٹری تعلیم کے پاس محکمہ تعلیم ‘ اسکول سائیڈ کے ملازمین کی جانب سے سابق سیکریٹری کے رویئے اور کام میں عدم دلچسپی سمیت دیگر حوالوں سے شکایات کا انبار لگ گیا ہے۔ سیکریٹری تعلیم کی حیثیت سے عبدالعزیز کئی کئی دن اپنے دفتر سے غائب رہتے تھے اور دیگر مقامات سے احکامات جاری کرتے تھے ان کی غیر موجودگی اور عدم دستیابی کے باعث محکمے کا کام بری طرح متاثر ہوتا رہا۔ سینکڑوں نہیں ہزاروں فائلیں جمع ہوگئیں۔ بائیو میٹرک عمل کی دشواریوں اور پیچیدگیوں سے6 ہزار سے زائد ٹیچرز کو بلاک کردیا گیا۔ ان کی تنخواہیں رک گئیں۔ اب نئے سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر اقبال حسین درانی کے چارج سنبھالنے کے بعد محکمے کی صورتحال واضح طور پر صوبائی حکومت کے سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔ اقبال حسین تجربہ کار اورسینئر افسر ہیں ان کی موجودگی سے محکمہ تعلیم میں جلد نمایاں اصلاحات اور بہتری کی امید ہے۔