امن و امان کا براہ راست تعلق معیشت سے ہے‘ گورنر سندھ

کراچی(وقائع نگار)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے سرکاری اداروں اور منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے آڈٹ کا موثر انتظام عوامی فنڈ ز کے ضیاع اور خرابیوں کو روکنے کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، امن و امان کا براہ راست تعلق قومی معیشت سے اور معیشت کے استحکام اور اس کے تسلسل کے لئے فنڈز کے بہتر استعمال اور نگرانی کے لئے آڈٹ کا موثر نظام اہم ثابت ہو سکتا ہے، اس ضمن میں آڈیٹر جنرل کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی آڈیٹر جنرل ڈاکٹر غلام محمد میمن،اکاؤنٹینٹ جنرل سندھ فرخ احمد حمیدی اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ محمد اسحاق خسرو بھی موجود تھے۔ ملاقات میں جاری منصوبوں، سرکاری اداروں کے مالی انتظام، سرکاری ملازمین کو سہولیات کی فراہمی سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں آڈیٹر جنرل جاوید جہانگیر نے گورنر سندھ کو اپنے ادارے کی ذمہ داریوں، فرائض، کامیابیوں اور اہداف کی بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔