رینجرز ، پولیس کے چھاپے ، گینگ وار کارندوں سمیت 11 گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر) رینجرز کی کراچی کے مختلف علاقوں میں تین کارروائیاں ، لیاری گینگ وار کے کارندوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ، ایمونیشن اور منشیات برآمد کرلیں۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق لیاری گینگ کے ایک کارندے میر چار کو سعود آبادمیں چھاپہ ما کر گرفتا ر کیا گیا جو غیر قانونی ہتھیاروں کی خرید و فروخت میںملوث ہے۔ اس کے علاوہ سعود آباد اور سہراب گوٹھ کے علاقوں سے چھ منشیات فروشوں حمید بھٹی، مقصود حسین خان ، کاشف بابر، محمد عادل، علی اکبر اور عبدالواحد کی گرفتاری عمل میںلائی گئی جب کہ سعود آباد سے ہی ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم نذر عباس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دریںاثناء کراچی پولیس کے اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ نے مواچھ گوٹھ میں چھاپہ مارکر تین ملزمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے تین کلاشنکوف اور تین دستی بم برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان خان محمد عرف جانی، عمر اور بنی آفاق کا تعلق لیاری گینگ وا رمیںملوث عذیر بلوچ کے گروپ سے ہے اور وہ بھتہ خوری سمیت سنگین جرائم میںملوث ہیں۔