کراچی: ڈاکوئوں کی فائرنگ سے خاتون سمیت3 افراد زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی جبکہ ٹریول ایجنسی کے ملازم سے رقم چھیننے کے دوران فائرنگ سے ٹریفک پولیس کا اہلکار بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہا۔ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان جنہوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے نے میٹروپول ہوٹل کے قریب ٹریول ایجنسی کے ملازم سے ساڑھے تین لاکھ روپے چھینے اور جب نزدیک موجود ٹریفک پولیس کے اہلکار نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار محفوظ رہا۔ ادھر لیاقت آبادنمبر10 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک خاتون25 سالہ تبسم زوجہ ارشاد اور ایک شخص35 سالہ ندیم ولد وحید زخمی ہوگئے جبکہ حیدری مارکیٹ میں مسلح ملزمان نے رقم چھیننے کے دوران35 سالہ عامر ولد نصیب کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔