قومی دولت لوٹنے والوں کو ہر صورت گرفت میں لانا ہوگا‘ ضیاء عباس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ آسمانی بجلیوں سے تباہی آتی ہے گھر کو روشن نہیں کیا جاسکتا۔ غیر ملکی قرضوں کے سہارے ترقی ریت کا وہ محل ہے جو کسی بھی وقت دھڑام سے گر جائے گا۔ ملک کومستحکم اور مضبوط بنانا ہے تو مصنوعی سہاروں کے بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اس بات سے ہرگز انکارنہیں کیا جاسکتاکہ مضبوط سلامتی کے لئے بہتر معیشت ناگزیر ہے لیکن ترقی کے ساتھ غیرملکی قرضوں کے آسمان پر جانے کی بات کوبھی ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سید ضیاء عباس نے کہا کہ آرمی چیف نے مستقبل محفوظ کرنے کے لئے جن مشکل فیصلوں کا ذکر کیا ہے ان پر فوری عملدرآمد وقت کی ضرورت ہے۔ اگر ترجیحی بنیادوں پر صرف قومی لٹیروں کوقانون کی گرفت میں لا کر لوٹی ہوئی قومی دولت سے بیرون ملک بنائے گئے اثاثوں اور جائیدادوںکوضبط کرلیا جائے اور غیر ملکی بنکوں میں پڑی مسروقہ دولت واپس لے آئی جائے تو قرضوں کا بوجھ اتارا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب باتوں نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔