کراچی میں گرمی برقرار آج درجہ حرارت میں کمی کا امکان

کراچی( خصوصی رپورٹر) شہرقائد میں شدیدگر می کی لہر جاری ہے جمعرا ت کو پارہ 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ جب کہ سمندری ہوائوں کی بندش کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس 44 ڈگری تک محسوس کیا گیا۔ ہوامیں نمی کا تناسب 44 فیصد رہا۔ شہری بے تحاشہ گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث بے حال رہے۔ محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کو درجہ حرارت میں کچھ کمی کا امکان ظاہر کیا ہے یعنی درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہفتے کو درجہ حرارت معمول پر آسکتا ہے تاہم اس بارے میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں اسکی کیونکہ کراچی میں سمندری ہوائوں کی بندش اور ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔