فائر بریگیڈ ملازمین کی وردی کا رنگ تبدیل کرنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ملازمین کو دو ماہ کا فائر رسک الائونس 18 اکتوبر تک ادا کردیا جائے گا‘ فائربریگیڈ کے ملازمین کی وردی کا رنگ تبدیل کریں گے ‘وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ محکمہ فائر بریگیڈ کے الائونسز کیلئے فنڈز فراہم کریں‘محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران تعاون نہیں کر رہے کیونکہ محکمہ کا آدھا پیسہ ان کی جیبوں میں جاتا ہے‘محکمہ فائربریگیڈ کے اکثر افسران کرپشن میں ملوث ہیں‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں اپنے مطالبات کے حق کیلئے ان سے ملاقات کی‘ اس موقع پر میئر کراچی کے ایڈوائزر فرحت خان‘ چیئرمین فائر بریگیڈ کمیٹی امان خان آفریدی ‘ چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی‘ چیئرمین آراضیات کمیٹی سید ارشد حسن ‘ میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس اور ڈائریکٹر بجٹ محمود بیگ بھی موجود تھے۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ ہماری پہلی دو ترجیحات میں پنشن اور فائربریگیڈ کے بقایاجات کی ادائیگی شامل ہیں انہوں نے کہا کہ محکمہ فائر بریگیڈ اور ان کے خاندان کے افراد کی ہیلتھ انشورنس کرائی جائے گی۔