شہری مسائل سے چھٹکارے کیلئے اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا‘ وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اے ڈی پی 2017-18ء (ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام) کے تحت جاری تمام ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے‘ افسران اور متعلقہ عملہ شہر کی ترقی کی تکمیل کے کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دیں‘ اس شہر اور یہاں کے شہریوں کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے تمام اداروں کو مشترکہ طور پر باہمی رابطوں کو مضبوط بناتے ہوئے ایک ٹیم ورک کی صورت میں کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والے وقت میں جاری اسکیمیں مکمل ہو کر شہریوں کیلئے سہولت کا باعث بن سکیں ہر صورت میں ترقیاتی اسکیمیں مکمل ہونی چاہئیں ‘ ماضی کی طرح سست روی اور منصوبوں کو لٹکانے کا عمل قابل برداشت نہیں ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کراچی کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی فیصل سبزواری‘ سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی‘ چیئرمین فنانس کمیٹی ندیم ہدایت ہاشمی‘ چیئرمین آراضیات کمیٹی سید ارشد حسن‘چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی‘ میئر کراچی کے مشیر فرحت خان‘ میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس‘ ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز شہاب انور‘ چیف انجینئر الیکٹرک شفیع چاچڑ‘ ڈائریکٹر فنانس محمود بیگ سمیت مختلف چیف انجینئرز‘ ایکس ای این ‘ پروجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔