سرکاری ملازمین ملک سے کرپشن اور ناانصافی کا خاتمہ کریں‘ توقیر احمد

کراچی (خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے لیبر فیڈریشن کے صدر توقیر احمد نے پاکستان ہائوس میں لیبر فیڈریشن کے ذمہ داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہاہے ‘ پاکستانی معیشت حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے کمزور ہو چکی ہے‘ تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے ‘درآمدات میں اضافہ اور برآمدات میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ ان حالات میں ملک بھر کے سرکاری ملازمین کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی سرکاری ملازمین کو پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کی گئی وصیت کی روشنی میں اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفاد میں ایمانداری کے ساتھ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔