15؍اکتوبر کو خادمین کنونشن اور تحفظ ختم نبوت کانفرنس ہو گی ، جے یو پی
کراچی(نیوز رپورٹر)عقیدہ ٔ ختم نبوت ﷺ کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت مستعد رہنے اور انتخابی سال کے آغاز سے قبل مضطرب سیاسی صورتحال کے پیش نظر جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کے تحت 15اکتوبر بروز اتوار خالق دینا ہال میں صبح 11بجے تا شام 6 بجے تک دو نشستوں پر مبنی’’امام نورانی ؒ خادمین کنونشن اور تحفظ ختم نبوت کانفرنس ‘‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اس بات کا اعلان جمعیت علماء پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر مفتی محمد غوث صابری اور ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی نے رضا لائبریری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو پی کراچی ڈویژن کے ناظم اعلیٰ محمد مستقیم نورانی نے پروگرام تفصیل سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ 15اکتوبر کو امام نورانی خادمین کنونشن اور تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی، مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی صدیقی، مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن، جے یو پی کے صوبائی صدر مفتی محمد ابراہیم قادری، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ شفیق احمد قادری، ممتاز عالم دین علامہ پیر سید مظفر حسین شاہ قادری ودیگر قائدین جے یو پی اور علماء مشائخ خطاب کریں گے ۔