ملک میں لوٹ مار اور اقرباء پروری کا نظام قائم ہے ‘افتخا ر سو مر و

کراچی(نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری افتخار سومرو نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار ن لیگ کے ساتھ زرداری لیگ بھی ہے۔ دونوں جب اقتدار پر قابض ہوتے ہیں تو کرپشن کو فروغ دیتے ہیں ۔ ان کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے آج پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ملک میں لوٹ مار اور اقرباء پروری کا نظام قائم ہے۔ ان کی حکمرانی میں ملکی خزانے خالی ہوجاتے ہیں اور ان کا بینک بیلنس اور اثاثوں میں ہزار گنا اضافہ ہوجاتا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں ضلع عمر کوٹ ، میر پور خاص، ٹنڈو محمد خان ،جام شورو اور ٹھٹھہ کے عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ ، دیوان سچل، قادری بھائی، طاہر ملک ، اظہر لغاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ افتخار سومرو نے مزید کہا کہ مفاد پرستوں نے سندھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ اب حالات بدل گئے ہیں ، اب کوئی بھی لٹیرا اور بدعنوان بچ نہیں پائے گا۔ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پورا صوبہ سند ھ مسائل کی دلدل میں دھنستا جارہا ہے۔ سندھ حکومت کے ترقیاتی منصوبے صرف کا غذوں میں موجود ہیں ، عملی طور پر زمین پر کچھ نہیں ہے ۔