پبلک ٹرانسپورٹ کیس ‘ہائیکورٹ نے سماعت 22نومبر تک ملتوی کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد کی جانب سے خرم لاکھانی کے توسط سے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے معاملے پر دائر کردہ آئینی درخواست نمبر 5464/2017کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس منیب اختر اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دورکنی بینچ نے وقت کی کمی کے باعث 22نومبر تک کیلئے ملتوی کردی ۔ پاسبان کے وکیل خرم لاکھانی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ یہ شہر کی بسوں ،منی بسوں کوچز میں سفر کرنے والے کراچی کے لاکھوں شہریوں کا معاملہ ہے ۔ حکومت سندھ نے 2015اور2016کو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کرتے ہوئے الک الگ کرایہ نامے جاری کئے مگر یہ کرایہ نامے صرف حکومتی فائلوں تک ہی محدود کردی گئی ہے، عملاً عوام کو کرایوں میں کمی کا کوئی فائدہ نہیں پہنچایا گیا اور ٹرانسپورٹر من مانا کرایہ وصول کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں ۔،عدالت شہر کراچی میں ٹیکسی ،رکشہ میں میٹر لگانے پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں کو ٹکٹ دینے کے قانون پر عمل درآمد کرانے اور ریلیف فراہم کرنے کا حکم نامہ جاری کرے علاوہ ازیں پاسبان کے وکیل خرم لاکھانی ایڈوکیٹ اور فوزیہ اسلم آئیں ایڈوکیٹ نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جن قوانین کے تحت کوچز ،بسوں اور منی بسوں کو شہر کی سڑکوں پر چلنے کیلئے اجازت نامے جاری کئے گئے تھے ان پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جارہا ،اس موقع پرپاسبان رہنما فہیم احمد، کورنگی کے صدر محمد حامد صدیقی، سہراب گوٹھ کے رہنما سعیداللہ اور حاجی عبدالصمد بھی موجود تھے ۔