خصوصی بچے قوم کی امانت ہیں ‘ مفتی ابو طلحہٰ محی الدین

کراچی (لیڈی رپورٹر) خصوصی بچے قوم کی امانت ہیں۔ ان کی ذمہ داری معاشرے کے صحت مند افراد پر عائد ہوتی ہے۔ اگر ہم ان خصوصی افراد پر مناسب توجہ دیں گے تو ان ہی میں سے ہمیں ہمارے ملک کے معمار اور ہمارے ملک کا مستقبل ملے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کے کتنے بڑے بڑے مشہور علمائ، ڈاکٹر، انجنیئر، فلاسفر، ادیب اور اساتذہ ان ہی خصوصی افراد میں سے پیدا ہوئے ہیں۔ لیکن اگر ہم ان خصوصی بچوں پر مناسب توجہ نہ دیں اور ان کی ذمہ داری سے روگردانی کریں گے تو ہم اپنے ہی ملک کا ایک بہت بڑا سرمایہ ضائع کرنے والے مجرم کہلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارنصرت ٹرسٹ فار اسپیشل چلڈرن کے فنانس سیکریٹری مفتی ابو طلحہ محی الدین نے نصرت ٹرسٹ کی ماہانہ فوڈ ہیلپ اسکیم کی امدادی رقوم کی تقسیم کے موقع پر کیا۔اس موقع پر دو سو سے زائد خصوصی بچوں کے والدین میں امدادی رقوم تقسیم کی گئی۔