کراچی: ٹارگٹڈ آپریشن، چار دہشت گرد گرفتار، مقابلے میں ایک شخص ہلاک، 5 زخمی

کراچی: ٹارگٹڈ آپریشن، چار دہشت گرد گرفتار، مقابلے میں ایک شخص ہلاک، 5 زخمی

کراچی (خصوصی رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے کارندوں سمیت 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مقابلے میں ایک شخص ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن کی بہار کالونی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران مقابلے کے بعد2 زخمی ملزمان سمیت 4 کو گرفتار کرکے اسلحہ، بارودی مواد اور بال بیرنگ قبضے میں لے لئے ہیں۔ ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ زخمی ملزموں کی شناخت ابراہیم اور اسلام کے نام سے ہوئی۔ دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ نعیم اور رفیع اللہ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے مقابلے کے بعد پولیس نے 2 زخمیوں سمیت 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔ زخمیوں کو ہسپتال جبکہ دیگر کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر لیاری کے علاقے بغدادی میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد گینگ وار کے3 کارندوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ ریحان، نبیل اور عزیر کا تعلق گینگ وار کے راشد گروپ سے تھا۔گرفتار افراد پر بھتہ خوری سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ لیاری کے ہی علاقے چاکیواڑہ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔