’’بلدیاتی الیکشن‘‘ کارکن حلقہ بندیوں پر نظر رکھیں، زرداری: ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کریں: بلاول

’’بلدیاتی الیکشن‘‘ کارکن حلقہ بندیوں پر نظر رکھیں، زرداری: ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کریں: بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی ٹھٹھہ اور سجاول کے عہدیداروں نے گزشتہ روز بلاول ہائوس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے پارٹی رہنما اور کارکنان حلقہ بندیوں پر نظر رکھیں اور جہاں گڑبڑ نظر آئے اس کے خلاف اپیل کی جائے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ارکان اسمبلی، عہدیدار اور کارکن ترقیاتی سکیموں کی نگرانی کریں، ترقیاتی سکیموں میں کہیں گڑبڑ نظر آئے تو اس کی شکایت کریں۔ دونوں رہنمائوں سے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود، جرمن سرمایہ کاروں کے وفد نے سٹیفن سٹیٹن کی قیادت میں اور برطانوی ہائی کمشنر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ مخدوم احمد محمود سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی کو کمزور سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں قربانیاں دینے والے مخلص کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ پارٹی کارکنوں کا وقار بلند کرنے کے لئے موثر و فعال کردار ادا کرنے سمیت پیپلز پارٹی کو ازسرنو چارو ںصوبوں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں مضبوط بنیادوں پر منظم کرنے کے لئے ملک گیر دوروں کا شیڈول تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جو بھی پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر گیا تو وہ پھر اپنا وجود قائم نہ رکھ سکا۔ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، مخالفین پارٹی کے اندر ہوں یا باہر، آئندہ بھی اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں بری طرح ناکام رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سے بلاول ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جبکہ اس موقع پر شریک چیئرمین آصف علی زرداری، آصفہ زرداری بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ غیر یقینی جیسی صورتحال میں ملک جن مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے پیپلز پارٹی خاموش تماشائی نہیں بنے گی بلکہ ایسی نازک صورتحال میں اپنا آئینی جمہوری و قانونی کردار بھرپور طریقے سے ادا کرے گی۔ پیپلز پارٹی دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمہ سمیت ملک کے اندر کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے بھرپور تحریک چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نوجوانوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے خاتمہ کے لئے ان کا بھرپور ساتھ دینے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کے لئے آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات میں بھرپور نمائندگی کا موقع فراہم کرے گی۔