کراچی: نوبیاہتا جوڑے کے 2 قاتل عدالت پیش، اعتراف جرم کرلیا
کراچی(صباح نیوز) کراچی میں اورنگی ٹاون کے علاقے مومن آباد میں جرگے کے حکم پر پسند کی شادی کرنے والے نوبیاہتا جوڑے کو قتل کرنے والے ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں زیردفعہ 164 کے تحت ملزمان ضیاالحق اور غلام رسول نے اپنے اقبالی بیان میں کہا کہ جرگے کے کہنے پر لڑکا اور لڑکی دونوں کے گھروالوں نے قتل کی حکمت عملی بنائی، جرگے نے نو بیاہتے جوڑے کو قتل کرنے کا حکم دیا۔ملزمان نے عدالت کے روبرو بتایا کہ 22نومبر کی آدھی رات کو جرگے کے سربراہ مسکین نے اپنے بیٹوں کے ہمراہ جوڑے کو تشدد کے بعد قتل کیا، 23 نومبر کو جرگہ نے مشورے کے بعد نعشوں کو غائب کرنے کا حکم دیا، ہمیں گڑھے کھود کر نعشیں ٹھکانے لگانے کا حکم ملا، رات ایک بجے قائم خانی قبرستان میں ہم نے کھڈے کھودے، نعشوں کی منتقلی کے لئے ٹرانسپورٹ فراہم کرنے میں بھی ہمارا کردار تھا۔رات ڈھائی بجے ملزمان عبدالرشید، مرزا اور اعظم نے لاشوں کو بوریوں میں ڈال کر قبرستان پہنچایا اور پہلے سے تیار گڑھوں میں ڈال کرچھپا دیا گیا، ہماری نشاندہی پر ہی پولیس نے نعشیں برآمد کیں، ہمیں جرگے کی جانب سے جو احکامات ملے ہم نے اس پر عمل کیا۔ بیان قلمبند ہونے کے بعد عدالت نے ملزمان کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ 22 نومبر کو 24 سالہ عبدالہادی اور 22 سالہ حسینی بی بی کو مومن آباد تھانے کی حدود میں قتل کیا گیا تھا۔