زرداری کی ہدایت، پنجاب میں سیلاب زدگان کیلئے سندھ حکومت نے 10 کروڑ روپے جاری کردیئے

زرداری کی ہدایت، پنجاب میں سیلاب زدگان کیلئے سندھ حکومت نے 10 کروڑ روپے جاری کردیئے

کراچی (این این آئی) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سندھ حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے فوری طور پر 10 کروڑ روپے جاری کرے۔ پیپلز پارٹی کے عہدیدار اور کارکن فوری طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں اور وہاں عوام کو ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے زرداری نے کہا پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ بھائیوں کی فوری بحالی اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے اور وہ اس ملک کے کسی بھی کونے میں آنے والی آفات کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل کی گھڑی میں ہم سیلاب متاثرین کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ دریں اثناء آصف زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت نے پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے 10 کروڑ روپے جاری کردیئے۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی ملک کی پہچان ہوتی ہے۔ پاکستانی قوم کی شناخت امن، بھائی چارگی اور اخوت ہے۔ اسی پیغام کو عام کرنے کے لیے ہمیں اپنی ثقافت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہوگا۔ پاکستان میں ایسی اصلاحی فلمیں اور ڈرامے بنائے جائیں، جس سے نہ صرف پاکستان کی ثقافت اور شناخت دنیا بھر میں اجاگر ہو بلکہ اس میں ایسے معاشرتی پہلو بھی سامنے لائے جائیں، جس سے ہم اپنے معاشرے کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس میں اداکار جاوید شیخ، ہمایوں سعید، زیبا بختیار، اذان سمیع اور دیگر سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں فلمی ستاروں نے فلم انڈسٹری کے مسائل سے آگاہ کیا اور فلمی صنعت کی ترقی کے لیے تجاویز ڈرافٹ کی صورت میں پیش کیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت مل کر پاکستان کی فلمی صنعت کی ترقی کے لیے فلم انڈسٹری سے وابستہ تمام شعبوں کے افراد کے ساتھ مل کر کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے سینئر اداکاروں اور اس شعبے سے وابستہ افراد کو آگے آنا ہوگا اور ایسا میکنزم بنانا ہوگا جس سے یہ صنعت دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔