کراچی: پولیس پر ایک گھنٹے میں2 مقامات پر حملے، تھانیدار سمیت4 اہلکار جاں بحق

کراچی: پولیس پر ایک گھنٹے میں2 مقامات پر حملے، تھانیدار سمیت4 اہلکار جاں بحق

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے صدر میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے ون فائیو پولیس کی موبائل پر گولیاں برسا دیں جس سے اے ایس آئی 45 سالہ ریاست علی اور کانسٹیبل 40 سالہ سعید جاں بحق 2 شدید زخمی ہو گئے، نعشوں اور زخمی اہلکاروں کو فوری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیرائو کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم حملہ آوروں کا کوئی سراغ نہ ملا۔ ادھر پاکستان چوک پر بھی موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل 40 سالہ محمد شکیل جاں بحق دوسرا اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔ وہ بھی ہسپتال جاکر دم توڑ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس اہلکاروں کو دو مختلف مقامات پر بیک وقت نشانہ بنایا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے پولیس اہلکاروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں پر ہونیوالے حملے گزشتہ روز آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکتوں کا ردعمل ہے۔ چائے پیتے ہوئے اہلکاروں کو چھپ کر نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد پولیس کا مورال گرانا چاہتے ہیں۔ پولیس پر حملے کرنیوالوں کو نہیں چھوڑینگے، ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہیگا۔