الطاف میری ہٹ لسٹ پر ہیں اور رہیں گے، شرجیل میمن سندھ کا کرپٹ ترین وزیر ہے: ذوالفقار مرزا

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین انکی ہٹ لسٹ پر ہیں اور رہیں گے۔ سندھ میں شرجیل میمن سب سے کرپٹ وزیر ہے۔ بلاول بھٹو نے اپنی ٹویٹ میں آصف زرداری کو ’’بروٹس‘‘ کہا تھا۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ پیپلز پارٹی میرے باپ کی جماعت ہے جس کا نام ذوالفقار علی بھٹو ہے۔ پارٹی اور ملک کو بچانے کیلئے بلاول کو واپس لانا ہے، میرے بس میں ہو تو بلاول کو پارٹی کی ذمہ داریاں سونپ دوں۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور فریال تالپور کہتے تھے کہ بلاول بھٹو کی بات نہ سنی جائے۔ پیپلز پارٹی سے چور لیڈروں کا صفایا کردونگا، قاتل کو قاتل کہنے کی سیاست زندگی بھر کرونگا، میں کوئی کھلونا نہیں جس سے کھیلا جائے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ انہوں نے اب تک بدین سے الیکشن پارٹی کے نام پر نہیں اپنی طاقت سے جیتے ہیں۔