رحمن ملک، سعید خاور نے عبدالستار ایدھی کی عیادت کی، مجید نظامی کی جانب سے گلدستہ پیش کیا گیا، ہسپتال سے گھر منتقل

کراچی (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ + سٹاف رپورٹر) معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو مختلف چیک اپ کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے ۔ عبدلستار ایدھی کی کچھ دن قبل طبیعت بگڑ گئی تھی جس کے باعث انہیں ایس آئی یو ٹی منتقل کیا گیا تھا۔ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ عبدالستار ایدھی کی طبیعت اب بالکل ٹھیک ہے اور دفتر جوائن کر سکتے ہیں۔ قبل ازیں مشیر داخلہ رحمن ملک نے سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔ مشیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ قوم کو آپ کی ضرورت ہے، ہر قسم کا تعاون کریں گے۔ صدر اور وزیراعظم نے آپ کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ نوائے وقت کراچی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سعید خاور نے ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی مقامی ہسپتال میں عیادت کی۔ نوائے وقت کے مدیر اعلیٰ مجید نظامی کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کی اور گلدستہ پیش کیا۔ عبدالستار ایدھی نے مجید نظامی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔