کراچی:کچرے میں لگی آگ سے پہلی منزل پر فلیٹ خاکستر، کمسن بھائی 2 بہنیں جاںبحق

کراچی (کرائم رپورٹر+ آن لائن) لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں فلیٹ کو لگنے والی آگ کے دوران تین کمسن بہن بھائی دم گھٹنے سے جاں بحق‘ ماں باپ جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ گھریلو سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ المناک واقعہ منگل کو علی الصباح پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ النور بلڈنگ کے ڈک میں پڑے ہوئے کچرے میں آگ لگی تھی‘ جس نے پہلی منزل پر واقع کپڑے کے تاجر عمیر کے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ بجھانے کی کوشش میں عمیر اور اس کی بیوی شمیم بری طرح جھلس گئے جبکہ ان کے بچے 3 سالہ آمنہ‘ 2 سالہ عالیان ا ور 4 سالہ عبدالعزیز دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت فلیٹ میں پھنسے زخمی میاں بیوی اور بچوں کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کیا انہوں نے بتایا کہ اطلاع کے باوجود فائر بریگئیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچا جس سے جانی نقصان ہوا۔ ادھر ہسپتال میں تاجر عمیر اور اس کی بیوی شمیم کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔