کھڈا مارکیٹ میں کچرے میں لگی آگ سے فلیٹ جل گیا3 کمسن بہن بھائی جاں بحق

کراچی(کرائم رپورٹر) لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ میمن سوسائٹی میں فلیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں تین کمسن بہن بھائی دم گھٹنے سے جاں بحق ‘ ماں باپ جھلس کر زخمی ہوگئے جبکہ گھریلو سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ آتشزدگی کا یہ المناک واقعہ منگل کو علی الصباح پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میمن سوسائٹی میں ونتھلی میمن ہال والی گلی میں واقع چار منزلہ رہائشی عمارت النور بلڈنگ کے ڈک میں پڑے ہوئے کچرے میں آگ لگی تھی‘ جس نے پہلی منزل پر واقع کپڑے کے تاجر عمیر کے فلیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور جس وقت تک عمیر اور اس کی بیوی شمیم اٹھے فلیٹ میں مکمل طورپر دھواں بھر چکا تھاآگ بجھانے کی کوشش میں عمیر اور اس کی بیوی شمیم بری طرح جھلس گئے جبکہ ان کے بچے 3 سالہ آمنہ‘5 سالہ عالیان ا ور 4 سالہ عبدالعزیز دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے اسی دوران فائر بریگیڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچا اور ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔ ریسکیو اداروں کے مطابق جس وقت بچوں کو فلیٹ سے نکالا گیا تو آمنہ اور عبدالعزیز جاں بحق ہوچکے تھے جبکہ عالیان کی سانسیں باقی تھیں‘ لیکن دیکھتے ہی دیکھتے اس نے بھی دم توڑ دیا جس چار منزلہ عمارت میں آگ لگی اس میں دو دوکمروں کے چار فلیٹ ہیں۔
کراچی آگ