شریف برادران وسائل لوٹ رہے ہیں: بلاول
کراچی ( ا سٹا ف ر پو ر ٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلز پارٹی پنجاب میں عام انتخابات میں کلین سویپ کرنے کیلئے پُرعزم ہے اس کیلئے تمام عہدیداران اور ورکروں کو باہمی اختلافات کو بھلا کر پارٹی کی فلاح و بہبود اور جیت کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ سرگودھا میں پیپلز پارٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اگر پارٹی اختلافات ختم نہ ہوئے تو آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کیلئے مشکلات ہونگی جن کے اختلافات ہیں وہ فوری ختم کئے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیالا گروپ کے رہنمائوں چودھری اجمل‘ ناصر قریشی‘ نثار رضی‘ ارشد ڈھونڈا‘ عبدالعزیز ڈھونڈا‘ اسد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے لاہور میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن کو سرگودھا کے مسائل کو حل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ندیم افضل چن کی قیادت میں پی پی بھیرہ تحصیل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کے روایتی جذبہ سے ملکی سیاست میں انقلابی تبدیلی لائے گئی اور پورے ملک بلخصوص پنجاب کو ایک مرتبہ پھر پی پی پی کا ناقابل شکست سیاسی قلعہ بنادیا جائے گا۔ وفد میں رضوان آصف گھوگھیاٹ، طارق امیر ارائیں اور چودھری اسحاق شامل تھے۔اس موقع پر راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور بھی موجود تھے بلاول بھٹو نے کہاکہ شریف برادران حکومت پر قابض اور ملکی وسائل لوٹ رہے ہیں۔ ہم میدان سیء بھاگنے والے نہیں ہم نے کوڑے کھائے،جیلیں کاٹیں اور ظالموں کے ہاتھوں شہادتیں پائیں ہم اب بھی اپنی قوم کے ساتھ ایک چٹان کی طرح چوروں اور لیٹروں کیخلاف سینہ سپر ہیں۔صباح نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لیے آج پاکستان کو نصیراللہ بابر جیسے ذہین اور بہادر وزیر داخلہ کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے میجر جنرل نصیر اللہ بابر کی چھٹی برسی کے موقع پر ایک بیان میں کہی، بلاول بھٹو نے سابق وزیر داخلہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نصیر اللہ بابر بہادر سپاہی اور ذہین وزیر داخلہ تھے۔ جنرل نصیراللہ بابر کو ان کی خدمات کی وجہ سے سب سے مضبوط وزیر داخلہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
بلاول بھٹو