آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی سیا ست کا خاتمہ کر دینگے‘ پرویز مشرف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ عوام 2018ء کے عام انتخابات میں اے پی ایم ایل اور اس کے اتحادیوں کو ووٹ دیںگے‘ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا خاتمہ کر دیں گے میں بہت جلد پاکستان آ رہا ہوں‘ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے اور یہ سیاسی قوت ہم بنا رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایشیا گرائونڈ اورنگی ٹاؤن میں اے پی ایم ایل سندھ سائوتھ ریجن کے تحت منعقدہ جلسہ میں دبئی سے لائیو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز مشرف نے کہاکہ اورنگی ٹاؤن بہاریوں کا علاقہ ہے مجھے ان سے محبت ہے میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں کے ساتھ ماضی میں جو ہوا مجھے ان سب کا پتہ ہے وہ زمانہ بھی تھا جب سب آپس میں لڑ رہے تھے‘ وہ زمانہ گزر گیا ہے اب زمانہ یکجہتی کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آل پاکستان مسلم لیگ ایک گلدستہ ہے جس میں تمام مذاہب‘ قومیتوں اور مسالک کے لوگ شامل ہیں انہوں نے کہاکہ ہمارا نعرہ ’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ ہونا چاہئے آج ہم جوکچھ بھی ہیں وہ پاکستان کی وجہ سے ہیں۔ پرویز مشرف نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے اس شہر میں ملک کے ہر علاقے کے لوگ بستے ہیں میں تمام لوگوں سے کہتا ہوں کہ کراچی میں محبت اور امن وبھائی چارگی کے پیغام کو عام کریں۔ پرویز مشرف نے کہاکہ پورے ملک میں لوگ تیزی سے اے پی ایم ایل شامل ہو رہے ہیں ہم آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کی سیاست کا خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میں اس کامیاب جلسے کے انعقاد پر احمد حسین‘ اسلم مینائی اور دیگر رہنماؤں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پرویز مشرف نے کہاکہ 2018ء کے الیکشن کے لئے ہمارا جو اتحاد بن رہا ہے بہت جلد اس حوالے سے اہم اعلان کروں گا۔ جلسے کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔