کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری‘ اے این پی‘ جعفریہ الائنس کے 2 کارکنوں سمیت 7 ہلاک

کراچی (این این آئی) کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے آٹھویں روز منگل کو 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پل کے قریب نامعلوم افراد نے سولجر بازار کے رہائشی اور جعفریہ الائنس کے کارکن عابد شیرازی کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہیں جعفریہ الائنس کے کارکنان بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔ نارتھ ناظم آباد بلاک 4 کے قریب پلاسٹک کے کارخانے پر موٹر سائیکل سوار 2 افراد نے فائرنگ کرکے کارخانے کے مالک محمد انور اور مزدور محمد فیض بلوچ کو قتل کر دیا۔ ماڑی پور ٹرک اڈہ کے قریب دکان پر دستی بم کے حملے کے نتیجے میں عمیر ہلاک جبکہ 22 سالہ وکیل زخمی ہو گیا۔ گلستان جوہر بلاک 4 میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے سجاد ہلاک ہو گیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کے مطابق مقتول اے این پی گلستان جوہر یوسی 10 وارڈ کا کارکن تھا۔ فیچر کالونی پولٹری فارم کے قریب 7 سالہ نامعلوم بچی کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی۔ احسن آباد چوکی کے قریب خالی پلاٹ سے بھی نامعلوم بچے کی چار روزہ پرانی نعش برآمد ہوئی جبکہ اورنگی ٹاون میں بھی نامعلوم افراد نے ایک شخص کو قتل کر دیا۔