رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہو گا‘ پہلا روزہ کل ہونیکا امکان ہے: محکمہ موسمیات

کراچی (آن لائن + اے پی پی) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک 1431ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کےلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بعد نمازِ عصر دفتر محکمہ موسمیات کراچی میں ہوگا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پہلا روزہ کل ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹی کراچی کے ارکان، محکمہ موسمیات ، سپارکوکے ماہرین شریک ہوں گے جبکہ تمام زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے اپنے اپنے متعلقہ ہیڈ کواٹرز پر ہوں گے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام کو صوبہ سندھ اور بلوچستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کو دیکھنے کیلئے چاند کی عمر کم از کم 31گھنٹے ہونی چاہئے تاہم آج رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے بیشتر علاقوں میں اس کی عمر 35گھنٹے تک ہو گی، اسی طرح نیا چاند غروب آفتاب کے بعد تقریباً 41 منٹ تک موجود رہنا چاہئے جبکہ آج سندھ اور بلوچستان کے بیشتر مقامات پر نیا چاند 45 منٹ تک موجود رہے گا۔