کراچی میں فائرنگ کے واقعات‘ 3 افراد ہلاک، مقابلے میں گینگ وار ملزم مارا گیا

کراچی میں فائرنگ کے واقعات‘ 3 افراد ہلاک، مقابلے میں گینگ وار ملزم مارا گیا

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں بدھ  کو فائرنگ کے واقعات میں3 افراد  ہلاک ہوگئے۔ اورنگی  ٹائون کے علاقے بجلی نگر میں موٹر سائیکل  سوار مسلح افراد نے ایک نوجوان 25  سالہ بشیر محمد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔   قبل ازیں ڈالمیا کے نزدیک گلشن جمال میں پراسرار   طور پر گولی لگنے سے 27  سالہ ارسلان ہلاک ہوگیا۔ دریں اثناء اورنگی ٹائون کے علاقے  فقیر کالونی میں فائرنگ  سے 20 سالہ ابرار حسین زخمی ہوگیا جبکہ  بلوچ کالونی میں فائرنگ سے 22 سالہ تیمور  ولد ابراہیم زخمی ہوگیا۔بدھ کی شب گلبرگ    کے علاقے میں واٹرپمپ  کے نزدیک  موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایک بیکری پر فائرنگ   کر کے 23  سالہ منیجر مدثر کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق بھتہ خوروں نے  بیکری  کے مالک سے بھتہ  طلب  کیا تھا۔ ادھر لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں پولیس اور رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار ملزم رسول بخش عرف رمیر مارا گیا۔