سزا کیخلاف اپیل سے علیحدہ ہونے کی استدعا، امریکی جج نے ڈاکٹر عافیہ کی درخواست مسترد کر دی

سزا کیخلاف اپیل سے علیحدہ ہونے کی استدعا، امریکی جج نے ڈاکٹر عافیہ کی درخواست مسترد کر دی

کراچی(این این آئی) عافیہ موومنٹ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کے کیس کی سماعت کرنے والے امریکی جج نے ڈاکٹر عافیہ کی درخواست کو مسترد کردیا جس میں ان سے ڈاکٹر عافیہ کی سزا کے خلاف دائر اپیل کی سماعت سے علیحدہ ہونے کی استدعا کی گئی تھی۔ ڈاکٹر عافیہ کے کیس کے سلسلے میں رابرٹ بائلے امریکی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے دلائل دئیے کہ اپیل کی سماعت کسی دوسرے جج سے کرائی جائے تاکہ ڈاکٹر عافیہ کو شفاف طریقے سے اپیل کا حق مل سکے۔ امریکی جج رچرڈ برمن نے 18اگست 2014کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ کی سزا کے خلاف تحریک کا جواب دے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران امریکی جج رچرڈ برمن نے ڈاکٹر عافیہ کو مجبور کیا تھا کہ ان وکلاء کو قبول کریں جو کہ ان کے مقدمے میں دلچسپی بھی نہیں رکھتے تھے۔ شواہد سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ 2003ء میں ڈاکٹر عافیہ کے اغوائ، غیر قانونی طور پر سرحد پار پانچ سال تک خفیہ حراست کی ذمہ دار پاکستانی حکومت ہے۔ قانونی دستاویز میں رابرٹ بائلے نے خصوصی طور پر ڈاکٹر عافیہ کے کیس کی سماعت کرنے والے جج کی پاکستانی سفیر حسین حقانی سے ملاقات کو نامناسب اقدام قرار دیا۔