2017ء سرپرائز سال، بلاول کی شادی 2018ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد ہوگی: منظور وسان

کراچی(وقائع نگار) سندھ کے وزیر برائے صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیش گوئی کی ہے کہ سال 2017 سرپرائز ہوگا، یہ سال پاکستانیوں کو صدیوں تک یاد رہے گا جو 70 سال میں نہیں ہوا وہ اسی سال ہوگا، باہر منتقل کیا گیا پیسہ اسی سال واپس آئے گا۔ پیپلزپارٹی انتخابات میں سرپرائز دے گی، ایم کیو ایم سندھ کا وزیراعلی تو دور موجودہ سیٹیں بچانا ایم کیو ایم کے لیے مشکل ہوگا، بلاول کی شادی 2018 کے انتخابات میں کامیابی کے بعد دھوم دھام سے ہوگی، جاپان کے صنعتکار سندھ میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں، جاپانی سرمایہ کار 2.50 ملین ڈالر کی سرمایہ چاہتے ہیں، سی پیک کی وجہ سے سندھ میں سرمایہ کاری آرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس پر فیصلہ ففٹی ففٹی ہوگا۔ عمران کو خوشی یا مایوسی بھی مل سکتی ہے۔