میں نے نہیں بلایا اہلیہ خود کراچی آئیں، عمران ہر مشن میں ساتھ ہوں‘ استقبال یادگار تھا‘بھابھی کا لقب ملنے پر خوشی ہوئی‘ سیٹ نہیں ملا: ریحام

میں نے نہیں بلایا اہلیہ خود کراچی آئیں، عمران ہر مشن میں ساتھ ہوں‘ استقبال یادگار تھا‘بھابھی کا لقب ملنے پر خوشی ہوئی‘ سیٹ نہیں ملا: ریحام

کراچی (نیوز رپورٹر) عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کی فضا میں الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ ہماری کسی سے لڑائی نہیں میں نے اپنی اہلیہ ریحام خان کو کراچی کے دورے کے لئے نہیں بلایا وہ خود کراچی آئی ہیں۔ ریحام خان نے جناح گراﺅنڈ عزیز آباد میں اپنے استقبال کو یادگار قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ خوشگوار فضا جاری رہے گی۔ نارتھ ناظم آباد میں نازیہ ربانی کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ کراچی نے جس قدر ٹارگٹ کلنگ کا سامنا کیا ہے اس کا تعلق کسی ایک جماعت سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جناح گراﺅنڈ میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار و دیگرنے استقبال کیا مگر باہر ہمارے تین چارکارکن تصادم میں زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار آئی تھی، بدنظمی نہ ہوتی تو بہت ہی اچھا ہوتا۔ پریس کانفرنس میں عمران نے شکوہ کیا کہ ایم کیو ایم کی طرف سے زیور کا سیٹ نہیں ملا جس پر لوگ ہنس پڑے۔ ریحام خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب جیسا شوہر ہو تو اس سے بڑا کوئی زیور نہیں ہوسکتا میں اس امید پر آئی تھی کہ اتنا بڑا ٹائٹل نیشنل بھابھی کا ملا ہے تو تحفہ بھی ملے گا لیکن نہیں ملا۔ بھابھی کا لقب مل جائے تو اس سے بڑی کیا بات ہے بھابھی کا لقب ملنے پر خوشی ہوئی۔ ریحام خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں میرے لئے کوئی نوگو ایریا نہیں ہے ۔ ہم کراچی بار بار آئیں گے ۔ میرے شوہر عمران کان این اے 246 میں انتخابی مشن کے لئے آئے ہیں جہاں جہاں لوگ ہمیں پیار سے بلائیں گے وہاں ہم لوگ جائیں گے۔ الطاف حسین کے تلخ لہجے میں نرمی آنا اور مٹھاس سے گفتگو کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ تبدیلی آ گئی ہے ۔ میں ان کے بیان کا خیرمقدم کرتی ہوں۔ عمران خان جہاں بھی جائیں گے میں ان کے ساتھ رہوں گی کیونکہ شوہر کا مشن میرا مشن ہے اگر عمران خان ورلڈ کپ کھیلنے جاتے یا کے ٹو کی چوٹی کو سر کرتے تو وہاں پر بھی میں ان کا ساتھ دیتی بطور بیوی عمران خان کے ہر نیک کام میں ان کے ساتھ ہوں۔
ریحام خان