ریلی میں ہنگامہ آرائی نہیں کی‘ تحفے امانت ہیں جہاں کہیں پہنچا دینگے : متحدہ

ریلی میں ہنگامہ آرائی نہیں کی‘ تحفے امانت ہیں جہاں کہیں پہنچا دینگے : متحدہ

کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار، حیدر عباس رضوی اور کنور جمیل نے مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان کی ریلی کے دوران ایم کیو ایم کی طرف سے ہنگامہ آرائی کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیت پر شک نہ کیا جائے، الطاف حسین کی جانب سے عمران خان کا خیرمقدم کیا گیا، عمران خان کے استقبال کیلئے ایک روز قبل سے تیاری کی جارہی تھی، ہم نے مہمان نوازی کی روایت کو قائم رکھا۔ عمران خان کی ریلی کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ارکان پارلیمنٹ عمران خان کا استقبال کرنے جناح گراﺅنڈ گئے۔ خوشی کی بات ہے کہ عمران خان نے یادگار شہداءسے انتخابی مہم شروع کی، ہم عمران کی گاڑی تک گئے اور استقبال کیا، ہم چاہ رہے تھے کہ انہیں نائن زیرو آنے کی دعوت دیں، عمران خان اور بھابھی کیلئے پرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا لیکن پتہ نہیں کیا بات ہوئی کہ عمران وہاں سے چلے گئے۔ پی ٹی آئی کے رہنماﺅںنے تھوڑی سی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ایسے عناصر پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم میںکشیدگی چاہتے ہیں۔ جہانگیر ترین ، نادر لغاری نے بھی کہا کہ واپس جاتے ہوئے واقعہ پیش آیا۔ انتخابات 23 اپریل کوہوکر گزر جائیںگے، ہمارے کارکنوں کے ہاتھ میں ڈنڈا تھا نہ انڈا اور نہ ہی کوئی ٹماٹر، یہاں آکر واپس جانے کا فیصلہ عمران خان کا اپنا تھا۔ ریحام بھابھی بھی واپس جاتے ہوئے خوشگوار موڈ میں تھیں، 23 اپریل تک موجودہ صورتحال برقرار رہے گی۔کنور نوید نے کہا کہ ریلی کا پروگرام پی ٹی آئی نے پولیس کیساتھ ملکر بنایا تھا، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ حیدرآباد میں بھی ان کے کارکنوں میں آپس میںلڑائی ہوئی۔ایم کیو ایم کی رہنما کشور زہرہ نے کہا ہے کہ ریحام خان کیلئے ہار خصوصی طور پر خریدا گیا۔ ریحام خان کیلئے لائے گئے ہار کی قیمت 2 لاکھ 90 ہزارروپے ہے۔ واضح رہے ائرپورٹ پر عمران نے کہا تھا کہ متحدہ کی طرف سے ہار کا کہا گیا تھا مگر ملا نہیں جس پر فاروق ستار نے ردعمل میں کہا کہ عمران اور انکی اہلیہ کے تحائف امانت ہیں،جہاں کہیں گے پہنچا دیئے جائیں گے۔دریں اثناءالطاف حسین نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ریلی میں تھوڑی بدمزدگی ہوئی جس پر افسوس ہے پی ٹی آئی والوں کو غلط فہمی ہوگئی ہے بغیر تصدیق کے بات نہیں کرتے جو ہوا نہیں ہونا چاہئے تھا ۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران اور ریحام بھابی کے استقبال کی بھرپور تیاریاں کی گئیںپھولوں کی دو من پتیوں کا انتظام کیا گیا پوری رات رابطہ کمیٹی کے ساتھ جاگتا رہا ارکان رابطہ کمیٹی سے کھانے کا مینیو پوچھا تو ارکان نے کہا کہ حلیم اور قلفی تو لازمی ہونی چاہیے۔عمران بھائی کیلئے اچھا سا جوڑا خریدا جبکہ ریحام بھابی کیلئے حسب توفیق گفٹ خریدا فاروق ستار نے عمران کو یادگار شہدا جانے کی دعوت دی۔



 
کشور زہرہ/فاروق ستار