کراچی : ووٹروں کی تصدیق کا عمل کل شروع ہوگا‘ آج فوج تعینات کی جائے گی

کراچی : ووٹروں کی تصدیق کا عمل کل شروع ہوگا‘ آج فوج تعینات کی جائے گی

کراچی + اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ آئی این پی) کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کا عمل (کل) جمعرات سے شروع ہو کر 71 دن تک جاری رہےگا، 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کرےگا، 8 مارچ کو نئی حتمی ووٹر لسٹیں جاری کردی جائیں گی۔ پیر کو الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق کراچی کے 68 لاکھ ووٹرز کی تصدیق کا عمل 10 جنوری سے شروع ہو گا۔ اس سے پہلے آج نادرا حتمی فہرستیں الیکشن کمشن کو فراہم کرےگا۔ جولائی 2012ءسے 15 دسمبر 2012ءتک جن افراد نے نئے شناختی کارڈ بنوائے ان افراد کے نام نئی فہرستوں میں شامل کئے جائیں گے۔ ووٹرز کی تصدیق کےلئے 15 ہزار افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے گا۔ عملے کے افراد کو 600 روپے یومیہ دئیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 10 سے 14 جنوری تک الیکشن کمشن کا عملہ خانہ شماری کرےگا اور ہر گھر کو الیکشن کمشن کی جانب سے ایک نمبر الاٹ کیا جائےگا۔ 15 جنوری سے یکم فروری تک ووٹرز کی تصدیق کی جائے گی۔ 3 فروری سے 8 فروری تک الیکشن کمشن اپنا ریکارڈ مرتب کر کے نادرا کو تصدیق کےلئے بھیجے گا۔ دریں اثناءذرائع وزارت دفاع کے مطابق کراچی میں فورسز کی تعیناتی انتخابی فہرستوں کی تصدیق تک ہو گی۔ فوج اور تمام فورسز الیکشن کمشن کے سٹاف کو صرف محفوظ ماحول فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔ کراچی میں ووٹرز کی تصدیق کیلئے آج بدھ سے فوج کی تعیناتی شروع ہو گی۔ انتخابی فہرستوں کی تصدیق کی ذمہ داری الیکشن کمشن کی ہو گی۔ فوج، رینجرز، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور پولیس آج بدھ سے کراچی میں تعینات ہو گی۔ وزارت داخلہ فورسز کی تعیناتی کیلئے وزارت دفاع کو باضابطہ طور پر درخواست بھیجی۔ فوج کا کام صرف الیکشن کے عملے کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔