’’سانحہ بلدیہ ٹائون کیس‘‘ تفتیشی افسر نے غیرحاضری پر عدالت سے معافی مانگ لی

کراچی (نیٹ نیوز) سانحہ بلدیہ ٹائون کیس کی سماعت گزشتہ روز مقامی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر سب انسپکٹر جہانزیب نے گزشتہ سماعتوں میں غیرحاضر ہونے سے متعلق معافی نامہ عدالت میں پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے مقدمے کے گواہوں کے بیانات کی نقول بھی جمع کرائیں جس پر وکلاء نے اعتراضات داخل کئے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو بیانات میں موجود اعتراضات ختم کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ عدالت نے گذشتہ سماعت میں پیش نہ ہونے پر تفتیشی افسر جہانزیب کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ سماعت کے دوران آتشزدگی کا شکار فیکٹری مالکان ارشد بھائیلا، شاہد بھائیلا اور عبدالعزیز بھائیلا اس بار بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مالکان آئندہ سماعت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونگے۔ عدالت نے حکومت سندھ کو سرکاری وکیل مقرر کرنے اور مقدمے کے دیگر ملزموں کو بھی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 21 مارچ تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ 11 ستمبر 2012ء کو کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون کی فیکٹری میں آگ لگائے جانے سے 289 خاندانوں کے چراغ گل ہو گئے تھے۔