کراچی میں پولیس مقابلہ‘2دہشت گرد ہلاک 10گرفتار‘لیاری سے حساس ادارے کا اہلکار اغوا

کراچی میں پولیس مقابلہ‘2دہشت گرد ہلاک 10گرفتار‘لیاری سے حساس ادارے کا اہلکار اغوا

کراچی(نمائندہ نوائے وقت+نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں گزشتہ شام سبزی منڈی کے قریب پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر ساتھی سمیت مارا گیا۔ پولیس نے ایک کی شناخت شہزاد علی کے نام سے کی جو چارسدہ کا رہائشی اور قتل کیس میں گرفتار ہوا۔ اسے طالبان نے ڈی آئی خان جیل پر حملے میں چھڑایا تھا جہاں سے وہ کراچی آکر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا جبکہ پولیس نے اسلحہ کی بھاری مقدار برآمد کرلی۔ ادھر منگھو پیر کے علاقے پختون آباد میں ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران 30 سالہ وحید کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ رینجرز نے بلدیہ ٹائون، لاسی گوٹھ اور دیگر علاقوں میں کارروائی کرکے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے ہے۔ ادھر لیاری کے علاقے گلستان کالونی سے حساس ادارے کے اہلکار وسیم کو نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔