کراچی: مختلف مقدمات کی سماعت فوجی عدالتوں سے سزائے موت پانیوالے 107 مجرموں کی سزا چیلنج
کراچی(وقائع نگار) کراچی کی عدالتوں میں مختلف مقدمات کی سماعت کی گئی، فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 107 مجرموں نے فیصلے چیلنج کردئیے، مچھر کالونی کے مکینوں کو فوری پانی فراہم کرنے‘ چودھری اسلم حملہ کیس کے مفرور ملزموں کے اشتہارات شائع کرنے‘ ٹڈاپ کرپشن کیس میں یوسف رضا گیلانی کو17جنوری تک پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔سندھ کی جیلوں میں سزائے موت کے منتظر ایک سو سات قیدیوں نے فوجی اور انسداد دہشتگردی کی عدالتی فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔جبکہ آٹھ خطرناک دہشت گردوں نے موت کی سزا کے خلاف فوجی عدالتوں کے فیصلے پر صدر مملکت کو اپیل کردی ہے، اپیل کرنے والے میں سانحہ صفورا، پاک فوج کے جوانوں پر حملہ کیس میں موت کی سزا پانیوالے دہشتگرد بھی شامل ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصلے عدالتوں میں چیلنج ہونے کے باعث ایک بھی دہشتگرد کا بلیک وارنٹ جاری نہیں ہوسکا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو بجلی کی قیمت میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کی درخواست کی سماعت ہوئی‘ جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ کے الیکٹرک نے نیپرا سے بجلی کے نرخ میں اضافے کے لیے رجوع کیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دیا جائے۔ دائر درخواست میں وفاقی حکومت، نیپرا اور کے الیکٹرک کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 دسمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ اسی طرح سندھ ہائیکورٹ میں مچھر کالونی میں پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے مچھر کالونی کے مکینوں کو پچھلے پانچ سال سے پانی فراہم نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔عدالت ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ وہ علاقہ مکینوں کو جلد از جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔واضح رہے کہ مچھر کالونی میں پچھلے پانچ سال سے پانی کی عدم فراہمی پر سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرائی گئی تھی ۔درخواست گزار کا درخواست میں مزید کہنا تھا کہ علاقہ میں پانی کی سپلائی کھ نام پر ماہانہ 3 کروڑ روپے وصول کئے جارہے ہیں، پیسے دینے کے باوجود مچھر کالونی کے عوام پچھلے پانچ سالوں سے پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ جبکہ انسداد دہشتگردی میں عدالت ایس پی چوہدری اسلم حملہ کیس کی سماعت ہوئی عدالت میں گرفتارملزمان ظفرعرف سائیں ودیگرپیش ہوئے عدالت میں تفتیشی آفیسرکیجانب سے مفرور ملزمان کےخلاف 87 88 کی رپورٹ پیش کی گئی عدالت نے مفرورملزمان کےخلاف اخبارمیں اشتہارات شائع کرنےکا حکم دےدیا ‘ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 دسمبرتک ملتوی کردی۔ قبل ازیں وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں یوسف رضا گیلانی اوردیگرملزمان کیخلاف ٹڈاپ اسکینڈل کیسزکے 24 مقدمات کی سماعت ہوئی عدالت میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دی گئی عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کو 17 جنوری تک عدالت میں پیش ہونے کاحکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
مقدمات/سماعت