کراچی‘ مختلف حادثات میں ایدھی رضاکار سمیت3 افراد ہلاک

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں حادثات کے نتیجے میں ایدھی رضاکار سمیت تین افراد ہلاک اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹائون میں ہنڈریڈ ہیڈ اسپتال کے قریب واقع ایدھی بوتھ پر تعینات کلرک30 سالہ عرفان جمعرات کی صبح فجر کی نماز پڑھنے جا رہا تھا کہ سڑک عبور کرتے ہوئے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا۔ ادھر قائد آباد میں منزل پمپ کے نزدیک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار تین افراد کو کچل دیا۔ جس کے نتیجے میں ان میں سے ایک30 سالہ امیر علی ولد غلام حیدر ہلاک اور دو22 سالہ عبیداللہ ولد عبدالرحیم اور25 سالہ رحیم ولد پیر علی زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ گلستان جوہر میں عسکری فور کے نزدیک زیر تعمیر عمارت میں کام کرنے والا مزدور40 سالہ احمد چھت سے گر کر ہلاک ہوگیا۔

حادثات/3 ہلاک