کراچی: ڈیفنس سے اغوا ہونے والا بچہ گلستان جوہر سے بازیاب
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے کو بازیاب کرالیا گیا مگر اغوا کار قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی کے چیف زبیر حبیب کے مطابق بدھ (6 دسمبر)کو ڈیفنس 26 اسٹریٹ پر اسکول سے گھر واپسی پر والدہ کے ہمراہ گاڑی میں سوار ایک 5 سالہ بچے کو اغوا کرلیا گیا تھا۔ ملزمان نے بچے کی رہائی کے لیے اہلخانہ سے 15 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تاہم بات 3 لاکھ روپے کی ادائیگی پر طے پائی۔ اہلخانہ نے سی پی ایل سی اور درخشاں تھانے کو بچے کے اغوا کی اطلاع دی تو تاوان کے لیے آنے والی فون کال سے اغوا کاروں کا سراغ لگا لیا گیا جس کے بعد پولیس، رینجرز ٹاسک فورس، سی پی ایل سی اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل ( اے وی سی سی) نے گلستان جوہر کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے 5سالہ ایان کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے بچے کو ایک گھر میں رکھا ہوا تھا ٗ جو کارروائی کی اطلاع ملتے ہی فرار ہوگئے۔اس سے قبل گورنر سندھ محمد زبیر نے بچے کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بچے کی جلد از جلد بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
بچہ بازیاب