کراچی نوشہروفیروز اور نوشکی میں ٹریفک حادثات پندرہ افراد جاں بحق پنتالیس زخمی

کراچی (ثناء نیوز) کراچی میں سپر ہائی وے نوری آباد کے قریب کوسٹر، ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 8  افراد جاں بحق اور12 زخمی ہو گئے ۔ حادثہ کا شکار ہونے والی کوسٹر سکھر سے کراچی جا رہی تھی جبکہ بلوچستان کے علاقے نوشکی کے قریب کوچ الٹنے سے 5افراد جاں بحق اور 32زخمی ہو گئے۔ ادھر حضرو میں چھچھہ انٹرچینج کے قریب تیز رفتار کیری ڈبہ بے قابو ہوکر بجلی کے پول سے ٹکرا گیا جس کے باعث 3افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق سپر ہائی وے پر نوری آباد کے قریب سکھر سے کراچی جانے والی مسافر وین مخالف سمت سے آنے والے تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں8 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ نعشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔  دوسری جانب  ضلع نوشہروفیروز کے علاقے ناگو شاہ کے قریب قومی شاہراہ پر دو ٹرالروں میں تصادم ہوا جس کے بعد ان میں آگ لگ آگئی۔ حادثے میں دونوں ٹرالروں کے ڈرائیور جھلس کر  جاں بحق  ہوگئے، جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق دونوں ٹرالر پنجاب سے کراچی جارہے تھے۔ علاوہ ازیں نوشکی پولیس کے مطابق کوئٹہ سے خاران جانے والی مسافر کوچ سلطان چڑھائی کے قریب اُلٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور تیس مسافر زخمی ہوگئے جاں بحق افراد کی نعشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال نوشکی منتقل کیا گیا، جہاں تین افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، کئی افراد کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ ادھر چھچھ انٹرچینج کے قریب تیز رفتار کیری ڈبہ  ڈرائیور سے بے قابو ہو کر بجلی کے پول  سے ٹکراگیا، سوار 4افراد میں سے 3جاں بحق چوتھا شدید زخمی ہو گیا، باہتر کے رہائشی اورنگزیب کے پاس شور کوٹ جھنگ (پنجاب) سے آئے ہوئے کیری ڈبہ کے خریدار ایرک مسیحی، سرفراز آئے انہیں ایک کیری ڈبہ خریدنا تھا اورنگزیب ان کو غورغشتی لے گیا جہاں انہوں نے کیری ڈبہ خریدنا تھا وہاں سے مومن پور کا رہائشی مظہر بھی ان کے ہمراہ آ رہا تھا، واپسی  پر جب وہ چھچھ انٹرچینج کے قریب  پہنچے تو کیری ڈبہ جسے ان کا ساتھی چلا رہا تھا تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر بجلی کے پول سے جا ٹکرایا جس سے  اس میں سوار اورنگزیب اور شورکوٹ سے مہمان سرفراز اور مظہر موقع پر دم توڑ گئے اور سرفراز کا ساتھی ایرک مسیحی شدید زخمی ہو گیا۔
حادثات/ 15جاں بحق