عالم کفر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے اُمہ متحد و بیدار ہوجائے: حافظ سعید

کراچی (پ ر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ دشمن مسلمانوں کی باہمی لڑائیوں سے فائدے اٹھا رہے ہیں، عالم کفر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے امت مسلمہ متحد و بیدار ہو جائے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے پیچھے دشمنوں کے بہت بڑے عزائم کارفرما ہیں۔ امریکہ اور بھارت متحد ہوکر اپنے ناپاک منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔ جماعۃ الدعوۃ وزیرستان متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہر شخص کو متاثرہ قبائلیوں کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ متاثرین کی ہرممکن مدد کرنا پوری قوم پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد دلی، دہلی کالونی میں سحری کے موقع پر درس قرآن کی ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ رمضان اصلاح کا مہینہ ہے۔ ہر شخص اپنے شب و روز کے معمولات زندگی پر گہری نظر رکھے۔ مسلم ریاستوں کے حکمران غیروں سے مرعوب ہونے کی بجائے ایک اللہ کے سامنے جھکیں۔ دنیا میں امن کے خواہش مند قرآن کی تعلیمات کو عام کریں۔ اللہ کے نظام کو رائج کرنے سے ہی دنیا میں امن قائم ہو گا۔ کشمیریوں کو غاصب بھارت کے ظلم و ستم سے نجات دلائے بغیر بھارت سے دوستی و تجارت کی پالیسیاں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر غیور پاکستانی قوم بھارت سے کسی قسم کے معاہدات کے حق میں نہیں ہے۔ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، مظلوم کشمیریوں کی مدد و حمایت کا سلسلہ جاری رکھیں گے ،قوم رمضان المبارک میں وزیرستان متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اتحاد کی ضرورت پہلے سے بڑھ کر ہے۔