ذوالفقار مرزا خود کرپٹ اور زرداری کی وجہ سے کارکن ہیں: منظور وسان

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ذوالفقار مرزا خود سب سے کرپٹ آدمی ہیں۔ یہ بات منظور وسان وزیر داخلہ سندھ نے کہی ہے۔ مرزا سے پوچھیں نواب لغاری اور امیر بھنبھر کون ہیں مرزا تو صرف آصف زرداری کی وجہ سے کارکن ہیں۔ مرزا سے پوچھیں کہ میرے وزیر داخلہ بننے پر انہوں نے میرے پاس آ کر مجھ سے کیا کہا تھا۔ ذوالفقار مرزا کی کرپشن کا سب کو علم ہے۔ مرزا بتائیں کہ چودھری شجاعت اور ایجنسیوں کے ساتھ انکا کیا تعلق ہے۔ میں تو ذوالفقار مرزا کو 88ءمیں بھی نہیں جانتا تھا۔ منظور وسان نے ذوالفقار مرزا کو بدین کا جھوٹا آدمی قرار دیدیا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ وہ ایسا بلدیاتی نظام لانے کے حق میں ہیں جو مشرف کے بلدیاتی نظام سے مختلف ہو۔ مشرف کا نظام کبھی نہیں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے انہیں 600 گز کا پلاٹ دیا جو انہوں نے 60 لاکھ روپے میں بیچا۔ انکے پاس 80ءمیں گھر تھا نہ گاڑی۔ ذوالفقار مرزا نے مجھے خود کہا تھا کہ آصف زرداری سے ملاقات سے قبل وہ صرف ایک ڈاکٹر تھے۔ انہوں نے انہیں سیاست میں بلایا ایک پلاٹ دلایا جو انہوں نے 60 لاکھ میں فروخت کیا۔ یہ سب باتیں مرزا نے خود مجھے بتائی تھیں اب وہ دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں۔ پولیس کو مرزا کے بارے میں سب کچھ معلوم ہے۔اللہ کا شکر ہے کہ قدرت نے پیپلز پارٹی پر سے بدنما داغ کو مٹا دیا‘ پیر مظہر الحق نے ذوالفقار مرزا کے بیان پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھے خاندان والے نے سٹریٹ کرائم کر کے گذارا کیا۔ ذوالفقار مرزا پارٹی پر بدنما داغ تھا جسے اللہ نے مٹا دیا۔ جب منظور وسان‘ آغا سراج اور میں جیل میں تھے اس وقت ذوالفقار مرزا کہاں تھے۔ ذوالفقار مرزا کو اس کی غنڈہ گردی کی وجہ سے گھر سے نکالا گیا۔ ذوالفقار مرزا سینئر وزرا سے حسد کی وجہ سے شر انگیز بیان دیتے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ جھوٹے پر خدا کی لعنت ہو۔